ناموس رسالتﷺ کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (روزنامہ مسلم ورلڈ – آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف کی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے رہنماوں کی جانب سےناموس رسالت ﷺکے بارے بیانات پر بحث کرانے کی درخواست منظور کر لی گئی ہے ۔

نجی ٹی وی “جیو نیوز “کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا گیا جس پر مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آقائےکریم ﷺ سے ہماری عقیدت و محبت کے اس اہم اور نازک معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے اور بھارت میں ہوئے اس قابل مذمت واقعے کے خلاف ایوان قرارداد منظور کرے،قومی اسمبلی سے منظور قرارداد سے بھارت سمیت پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ آقائےکریم ﷺ کی حرمت کے لیے ہم ہر قربانی دینےکو تیار ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر بحث کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیرکو قومی اسمبلی اجلاس میں ایک گھنٹہ مختص کر دیا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات کی مذمت کی جائے گی، اپوزیشن کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔