سلطنت عمان میں تمام مقامات پر کورونا ایس او پیز ختم

سلطنت عمان نے ملک میں کووڈ 19 کے پھیلاو کو روکنے کےلیے تمام مقامات اور سرگرمیوں پرعائد پابندیاں اور حفاظتی تدابیر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمان کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق وبائی امراض سے نمٹنے پر مامور کمیٹی نے خصوصی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا۔
کمیٹی کے اجلاس کے بعد بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں کورونا کے متاثرین سے متعلق تمام اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا۔ ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں زیرعلاج متاثرین کے کوائف کی بنیاد پر فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں تمام مقامات اور ہرطرح کی سرگرمیوں کے دوران مقررایس او پیز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ معاشرے کے تمام افراد امراض سے بچاؤ کے ضوابط کی پابندی کرتے رہیں۔
بخار آنے یا تنفس کے مسائل پیدا ہونے کی صورت میں گھروں میں رہیں اور حفاظتی ماسک ضروراستعمال کریں۔
تمام شہری اورمقیم غیرملکی خصوصا بوڑھے،لاعلاج امراض میں مبتلا افراد اور کمزور مدافعتی نظام کے شکار افراد بند مقامات پر ماسک کا استعمال کریں۔
کمیٹی نے تمام عمانی شہری اور مقیم غیرملکی بوسٹر ڈوز لگوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔