ڈاکٹریاسمین راشد

صحت کے شعبہ میں عوام کو ریلیف دینا بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹریاسمین راشد

راولپنڈی (مسلم ورلڈ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عمر اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی و دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں بارے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق اور وائس چانسلر پروفیسر عمر نے صوبائی وزیر کو ترقیاتی منصوبوں بارے پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی سمیت راولپنڈی کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ نئے ہسپتالوں کے منصوبوں کا آغاز پنجاب حکومت کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 5 نئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال سینکڑوں ماؤں اور بچوں کی زندگیاں بچانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق نئے ہسپتالوں کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔صوبے کی آبادی کے اضافے کے ساتھ نئے ہسپتالوں کو نہ بنانا گذشتہ حکومتوں کی نااہلی کی بدترین مثال ہے۔صحت کے شعبہ میں عوام کو ریلیف دینا بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔