وزیر اعظم عمران خان

کرونا وائرس، پاکستان سمیت غر یب ممالک کے قرضے معاف کئے جائیں ، وزیر اعظم عمران خان کا عالمی مالیاتی اداروں سے مطالبہ

اسلام آباد (مسلم ورلڈ) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث خراب صورتحال کے پیشِ نظر عالمی مالیاتی اداروں سے پاکستان سمیت غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قرضے معاف ہونے سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی.

لہذا عالمی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پرغور کرے ، طالبان کے حوالے سے افغان صدر کا بیان مایوس کن تھا، افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی جانی چاہیے،

پاکستان اب امن کے لیے امریکا کا پارٹنر ہے بھارت ایک شدت پسند سوچ والی جماعت کے قبضے میں آچکا ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کو مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے پیدا خطرے سے آگاہ کیا.

منگل کو امریکی خبر ایجنسی کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس زیادہ پھیلا تو اس سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل نہیں ہیں۔

کرونا اگر پاکستان میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی ہماری کوشش کو سنگین نقصان پہنچے گا، ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ پاکستان کے لیے معاشی بوجھ بن جائے گا.

عمران خان کا کہنا تھا کہ میری پریشانی غربت اور بھوک ہے، دنیا کو ہم جیسے ممالک کے قرضے معاف کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس دنیا کے ترقی پزیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کرسکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کے لیے تیار رہیں،

وائرس سے پیدا بحران سے ترقی پذیر ممالک میں بھوک اور غربت پھیلنے کا ڈر ہے، عالمی برادری کو پاکستان جیسے ممالک کے لیے قرضوں کی معافی کی کوئی صورت نکالنے کا سوچنا ہوگا۔