شبلی فراز

کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی، سری نگر ہماری منزل ہے، وزیر اطلاعا ت شبلی فراز

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ)وفاقی وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سری نگر ہی ہماری منزل ہے کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں معیشت، بچوں اور خواتین پر برے اثرات پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا عالمی برادری اس پر خاموش ہے ، سری نگر ہی ہماری منزل ہے کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی ملے گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیریوں کی شناخت چھیننے کی کوشش کی، اس غیر قانونی سیاہ اقدام اور تاریخ کے بدترین کرفیو کو ایک سال ہوگیا۔شبلی فراز نے لکھا کہ محصور مظلوم کشمیری بھارتی ریاستی بربریت کی زندہ مثال ہیں جہاں ہر کشمیری بدترین تشدد اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہے۔