ہمایوں اختر خان

ماضی میں نیب وزیر اعظم آفس سے آپریٹ ہوتا تھا لیکن آج ایسا کچھ نہیں ہے ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد( ڈیلی مسلم ورلڈ)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کے سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور ان میں مزید پختگی آرہی ہے ، اگر مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کی جانب سے نیب قانون میں تبدیلی کیلئے پیشگی شرائط عائد کی جائیں گی تو یہ بیل منڈھے نہیں چڑھ سکے گی ،ماضی میں نیب وزیر اعظم آفس سے آپریٹ ہوتا تھا لیکن آج ایسا کچھ نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ سابقہ دور حکومت میں سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب پہلے ان ممالک سے تعلقات کی بحالی کی کوششیں کیں جوثمر آور ثابت ہوئیں ۔

آج پاکستان کے سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی برادر ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ۔ سعودی عرب نے پاکستان کو رعایتی بنیادوں پر مالی طو پر سپورٹ بھی فراہم کی ہے جس پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پربرق رفتاری سے کام جاری ہے ،ایم ایل ون تاریخی منصوبہ ہے جس سے ڈیڑھ سے دو لاکھ افرادکو روزگارکے مواقع میسر آئیں گے اوراس منصوبے کی تکمیل سے ریلوے میں انقلاب آئے گا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف احتساب کے نعرے پر ووٹ لے کر اقتدار میں آئی ہے اور اس نظرئیے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ کچھ بھی ہو جائے احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔