ترجمان پنجاب حکومت

ترقیاتی منصوبوں کو نہیں (ن) لیگ کی کرپشن کو بریک لگی ہے ،اسی لئے تلملا رہے ہیں ‘ ترجمان پنجاب حکومت

لاہور (ڈیلی مسلم ورلڈ) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو اقتدار سے دوری بے چین کئے ہوئے ہے ،حکومت اپنی مدت ضرور پوری کرے گی البتہ کرپشن کے بوجھ کی وجہ سے مسلم لیگ میں ان ہاﺅس تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے ،

ترقیاتی منصوبوں کو نہیں بلکہ (ن) لیگ کی کرپشن کو بریک لگی ہے اور اسی لئے تلملا رہے ہیں ،سابقہ دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود سے زیادہ اپنی انا کی تسکین کے منصوبے مکمل کئے گئے ۔اپنے ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام کو صاف پانی ، تعلیم اور صحت کی فراہمی ہماری ترجیحات ہےں ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سب سے پہلے انسانوں پر خرچ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور اس کے ساتھ انفرا سٹر اکچر پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور ان کے حواری یہ امیدیں لگائے بیٹھے تھے کہ تحریک انصاف کی جانب سے حکومتی باگ ڈور سنبھالتے ہی ملک ڈیفالٹ کر جائے گا اور عوام کو کرپشن میں لتھڑے ہوئے سابق حکمرانوں کی یاد ستانے لگے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا اور وزیر اعظم عمران خان کی دو سال کی کارکردگی نے اپوزیشن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور انہیں اب کچھ سمجھ نہیں آرہا ۔

انہوںنے کہا کہ یہ طے ہے کہ دونوںجماعتیں کرپشن کے بوجھ کے ساتھ سیاست نہیں کر سکیں گی اور انہیں وزیر اعظم عمران خان کے سیاست میں متعارف کرائے گئے شفافیت کے کردار کو اپنانا ہوگا