یوٹیلیٹی سٹورز

یوٹیلیٹی سٹورز کی سبسڈی کے نام پر جاری ہونیوالے فنڈز میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کے انکشافات

فیصل آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ ) فیصل آباد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے سبسڈی کے نام پر جاری ہونیوالے فنڈز میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کے انکشافات چیئرمین یوٹیلیٹی کارپوریشن نے معاملے کی انکوائری کیلئے ایف آئی اے حکام کو خط لکھ دیا ذرائع کے مطابق رواں سال ماہ مقدس میں شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا شہریوں کو سبسڈی کی فراہمی کیلئے مختلف دالوں گھی آٹے اور چینی کی خریداری کے دوران حکام کی جانب سے مبینہ طور پر کمیشن کے حصول کیلئے پہلے کئی گنا مہنگی اشیا خریدی گئیں بعد میں اشیا ضروریہ کو کو سستے داموں فراہمی کیلئے قیمتوں میں فوری طور پر واضح کمی کرکے محکمہ کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایاگیا

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ کی جانب سے فلور ملز حکام کو نوازنے اور اپنی جیب گرم کرنے کیلئے 67 روپے کے بجائے 83 روپے فی کلو گرام کے حساب سے بیس ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی گئی جبکہ ماہ مقدس میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے چینی کی قیمت 68 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی اسی طرح 4لاکھ میٹرک ٹن دال چنا ہول سیل مارکیٹ سے بھی کئی گنا مہنگی قیمت میں خرید کر پہلے اس کی قیمت 160 روپے فی کلو گرام رکھی گئی جب شہریوں کی جانب سے خریداری میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا گیا تو قیمتی 160 روپے سے کم کر کے 130 روپے تک پہنچا دی گئی جس سے محکمے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گھی کی قیمت بھی ہول سیل مارکیٹ کی نسبت کئی گنا زائد قیمتوں میں خریدی گئی گھی کی خریداری اور فروخت میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے چیف انٹرنل ایڈیٹر نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ گھی کی خریداری اور فروخت کے دوران 70 کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں

تمام تر معاملات کی انکوائری کیلئے چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان کی جانب سے ایف آئی اے حکام کو خط لکھ دیا گیااس حوالے سے چیئرمین یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ذوالقرنین علی خان کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کرتے ہوئے ان کو عبرت کا نشان بنایا جائیگا تاکہ آئندہ کسی بھی فرد کو سرکاری خزانے کی لوٹ مار کی اجازت نہ مل سکے۔