جمشید اقبال چیمہ

پاکستان اور عمران خان انشااللہ ساتھ ساتھ چلیں گے ،کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ‘جمشید اقبال چیمہ

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمران خان انشااللہ ساتھ ساتھ چلیں گے لیکن کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ،مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنے ادوار میں عوام اور ملک کیلئے سوچنے کی بجائے اپنے اور اپنے حواریوں کے بارے میں سوچا اور ان کے ذاتی کاروبار دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے ،دونوں جماعتیں وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کرنے سے پہلے عوام کو اپنے کارکردگی بتائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ویلفیئر ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ اگر ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو کرپشن کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑنا پھینکنا ہوگا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور مافیاز کو بے نقاب کرنے کیلئے غیر معمولی فیصلے کئے ہیں ، ملک میں پنجے گاڑھنے والے یہ عناصر مزاحمت کررہے ہیںلیکن انہیں بالآخر قانون کے دائرے میں لا یا جائے گا ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ، سازشیں کرنے والے ہمیشہ کی طرح نا مراد ہی رہیںگے اور پاکستان مراد پائے گا ۔وزیر اعظم عمران خان بے خوف لیڈر ہیں اور انہوںنے ہر کڑے وقت میں اپنے فیصلوں سے ثابت بھی کیا ہے ۔پارٹی رہنما اورکارکنان مشکلات کے باوجود حکومت کے بہترین اقدامات کو عوام کے سامنے لائیں ۔