اقوام متحدہ

وزیراعظم سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ ) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر کو 75ویں سیشن کی صدارت ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر کا مسئلہ اٹھادیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکان بوزکر کی ملاقات ہوئی ، وزیرخارجہ شاہ مود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن کی صدارت ملنے پر وولکان بوزکر کو مبارکباددی اور کورونا وباکے دوران حکومتی اقدامات اور سماجی و معاشی اثرات پربھی تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کیلئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا۔وزیراعظم نے وولکن بوزکر سے ملاقات کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کا معاملہ اٹھایا اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت سے آگاہ کرتے ہوئے وادی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اعتماد میں لیا۔وزیراعظم نےمقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچہ تبدیل کرنےکی بھارتی کوششوں پرروشنی ڈالی اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے کردار ادا کرنےکی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، یواین اپنی قراردادوں اورخودارادیت دینے کے وعدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

وزیر اعظم نے قرضوں میں سہولت کے لیے عالمی اقدامات پر بات کرتے ہوئے ترقی پذیرممالک کوکورونا کے باعث زیادہ مالی سہولت کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے ، اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے جیسے اقدامات پربات کی اور کہا امیدہے 75 ویں اجلاس میں ان امور کو ترجیح دی جائے گی ، جن سے اربوں افرادمتاثرہوئے۔اس سے قبل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر وولکن بوزکر وزارت خارجہ پہنچے ، جہاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا، نو منتخب صدر نے وزارت خارجہ کے لان میں پودا لگایا۔