صوبائی وزیر قانون

علما ء کرام ، عوام بھی سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کا معاملہ ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں’ وزیر قانون

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ)صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی ہے تاہم علما ء کرام یا عوام بھی سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد دیکھیں تو ضلعی انتظامیہ کے نوٹس میں لائیں۔وہ سول سیکرٹریٹ میں ساہیوال ڈویژن میں امن عامہ کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے لا ء اینڈ آرڈر کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

صوبائی وزیر کھیل تیمور احمد خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا،آئی جی پنجاب شعیب دستگیر،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ساہیوال ڈویژن کے کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، ضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان اورتمام مکاتب فکر کے علما ئے کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ساہیوال ڈویژن کے لیے مرتب کردہ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پربریفنگ دی گئی جبکہ علما ئے کرام اور ضلعی امن کمیٹیوںکے ارکان سے قیام امن کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور تجاویز لی گئیں۔

راجہ بشارت نے کہا کہ عیدالاضحی کے دوران مثالی امن کے قیام پرتمام مکاتب فکر کے علما ء کے مشکور ہیں، مجھے امید ہے کہ محرم الحرام کے دوران بھی اسی طرح کے بھائی چارہ اوراخوت کی فضا قائم رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے لا ء اینڈ آرڈر کی مانیٹرنگ کے لیے صوبہ بھر کے دورے بھی کرے گی۔دشمن ایسے مواقع کی تلاش میں ہوتا ہے لیکن اس کے مذموم عزائم کو اتحاد و اتفاق سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

راجہ بشارت نے شرکا ء پر زور دیا کہ طے شدہ سکیورٹی پلان اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، اگرچہ کورونا کی وبا ء حکومت کی کاوشوں سے کافی کم ہو چکی ہے تاہم ابھی احتیاط کی ضرورت ہے۔تمام علما ء کرام نے امن ِعامہ کے قیام کے لیے حسبسابق حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس ضمن میں مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔اجلاس کے آخر میں ملک کے امن، سلامتی اور خوشحالی کی دعا مانگی گئی۔