اسد قیصر

زرعی ملک کے باوجود بہت مشکلات ہیں ، ہمیں زراعت کی بہتری کیلئے اقدامات کر نے ہونگے ، اسد قیصر

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ زرعی ملک کے باوجود بہت مشکلات ہیں ، ہمیں زراعت کی بہتری کیلئے اقدامات کر نے ہونگے،زراعت کے حوالے سے مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل چاہتے ہیں، زراعت کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس بنائی جائے گی ۔

بدھ کوخصوصی زرعی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدرات ہوا جس میں وفاقی وزیر فہمیدا مرزا، یوسف تالپور، ارباب شیر علی سمیت اعلی حکام شریک ہوئے ۔ اسد قیصر نے کہاکہ زرعی ملک کے باوجود بہت مشکلات ہیں ،ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہیں کہ زراعت بہتر ہو۔

اسد قیصر نے کہاکہ وزیراعظم زراعت کی بہتری کے لیے اقدامات کرنا چاہتے ہیں،خوشی ہے کہ تمام جماعتیں سیاسی اختلافات دور کر کے زراعت کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔اسد قیصر نے کہاکہ زراعت کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس بنائی جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ کرونا کے دوران جو مسائل زراعت کے حوالے سے آئے ان کو حل کرنے کی کوشش کی گئی،وزیر اعظم زراعت پر بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے زراعت پالیسی بنانے کے لئے جامع رپورٹ طلب کی ہے ،زرعی ملک ہوتے ہوئے ہم اناج باہر سے منگوائیں قابل افسوس ہے۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی میں خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی رپورٹ پیش کی گئی اور یہ رپورٹ کمیٹی کی کنوئینر شاندانہ گلزار نے پیش کی ۔وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام نے کہاکہ بھارت میں 320ارب ڈالر کی کپاس ہوتی ہے،ہمارے پاس 22ارب ڈالر کی کپاس ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم کسانوں کو کپاس پر سپورٹ پرائس نہیں دے سکے ،چینی 66ملین ٹن پیدا ہوئی ہے ،چینی کم ہے سو روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ،تین لاکھ ٹن چینی درآمد کررہے ہیں ،تین لاکھ ٹن چینی آئے گی تو قیمت نیچے آئے گی ۔

انہوںنے کہاکہ حلال گوشت سے بڑا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کرونا کے باوجود آم ایک لاکھ بیس ہزار ٹن برآمد ہوچکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جاپان کے سفیر میرے پاس سات قسم کی آم کی پراڈکسٹس لیکر آئے ،آم جاپان میں پیدا نہیں ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے باسمتی چاول کو بھارت نے برانڈ کرالیا ،اب ہم نے باسمتی چاول کو برانڈ کروالیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ معیاری زرعی مصنوعات پیدا کرنے والے کو کوئی فائدہ نہیں دیا جارہا ،کاشتکار کو جدید زراعت میں لائیں۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں اور خواتین کو زراعت پر تربیت دینا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ گورنر سٹیٹ بینک کو زراعت پالیسی کے لئے بلوائیں۔