چیئرمین سینیٹ

پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ ) چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا،سرائیل کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے فیصلے کے دور رس نتائج ہوں گے،

حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاوس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سعودی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ہمیشہ بین الاقوامی معاملات اور مسائل پر مشاورت سے کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کر سکتا، اسرائیل کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے فیصلے کے دور رس نتائج ہوں گے، پارلیمنٹ بالخصوص ایوان بالا کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا، امید کرتے ہیں کہ سعودی عرب بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔