فیاض چوہان

نواز شریف فرار کی حالت میں بھی آئینی حکومت کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں، فیاض چوہان

لاہور(ڈیلی مسلم ورلڈ) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف فرار کی حالت میں بھی ایک آئینی حکومت کے خلاف غیر آئینی سازشیں کر رہے ہیں، نواز شریف اپوزیشن کو نیب ہڑتال پر جانے اور جیل بھرو تحریک چلانے کے خواہشمند ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نواز شریف کے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک مفرور مجرم کی جانب سے دوسروں کو جیل بھرنے کے تلقین منافقت کی اعلی، ارفع اور تابناک مثال ہے۔ نواز شریف خود تو دس بہانے کر کے لے گئی دل کے مصداق پتلی گلی سے لندن بھاگ گئے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان عقلمند ہوئے تو ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ناجائز سیاسی خواہشات کے لیے اپنا کندھا نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی سیاست کا گلا گھونٹنے کی ٹھان لی ہے۔ اپوزیشن جان لے! عوام اب ان کی چالوں سے پوری طرح واقف ہو چکی ہے۔ جولائی کے مہینے میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے دو اعشاریہ سات بلین ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں۔ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی مہینے میں یہ ترسیلات زر کے ذریعے بھیجی گئی سب سے بڑی رقم ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کی نیک نیتی پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔