آئی ایس پی آر

کراچی میں صورتحال سے نمٹنے کیلئے آرمی کا فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم، آئی ایس پی آر

کراچی ( ڈیلی مسلم ورلڈ) کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے

پاک آرمی نے فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کر دیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں شدید

بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جب کہ کئی علاقوں میں لوگ

محصور ہو گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے کے مطابق شہر میں 36 مقامات پر نکاسی آب کا

عمل مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ کراچی کے علاقوں گلبرگ، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں میڈیکل کیمپ قائم

کر دیے گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب ایم نائن پر بند کو

محفوظ کر دیا گیا ہے جب کہ قائد آباد کے قریب فوجی جوانوں نے ملیر ندی کا شگاف پر کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیوی کے غوطہ خوروں نے شاہ فیصل ٹان اور کورنگی سے دو لاشوں کو نکال

لیا گیا ہے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دادو میں صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوجی جوانوں کو روانہ

کر دیا گیا ہے، میر پور خاص کی تحصیل جھوڈو کی پورن ڈرین میں شگاف کے باعث سیلابی پانی قریب

کے پانچ دیہات میں داخل ہو گیا ہے، شگاف کو پر کیا جا رہا ہے۔