وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر

بھارت کا وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی ایشیا کا یزید بن کر نمودار ہوا ہے،وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر

مظفرآباد( ڈیلی مسلم ورلڈ)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور اہلبیت کی راہِ حق میں دی گئی قربانی لازوال اور بے مثال ہیں‘

بھارت کا وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی ایشیا کا یزید بن کر نمودار ہوا ہے جس کی نو لاکھ افواج نے نواسہ رسولﷺکے پیروکار کشمیری مسلمانوں کا محاصرہ کرکے مقبوضہ کشمیر کو کربلا میں تبدیل کر دیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں روز اک کربلا برپا ہوتی ہے۔

کشمیر میں بیواؤں اور یتیموں کی ٹولیاں ہیں جن کے سروں پر دست شفقت رکھنے والا کوئی نہیں۔ وہاں خوراک کی قلت ہے بھوک سے بلکتے بچے کربلا کے پیاسے بچوں کی آوازوں کی یا دکو تازہ کرتے ہیں۔حسینیت پر عمل پیرا کشمیری ظلم کے سامنے دیوار بن گئے ہیں ۔کشمیری حسینؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظلم کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتے بلکہ راہِ حق میں قربان ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرا عظم نے کہا کہ کشمیر کی وادی میں خون رس رہا ہے، ہر طرف بارود کی بْو ہے، ہر طرف بندوقوں کے سائے، چھلنی کرتی ہوئی پیلٹ گنیں، ظلم و بربریت اپنے عروج پر مگر دوسری طرف کشمیری جوانوں کے حوصلے بلندہیں، حسینؓ کے پیروکار جبر کے خلاف لڑتے ہوئے، بے خطر سری نگر کی گلیوں میں کلمہ حق کے ساتھ نکلتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ مودی نے امن کے دروازے بند کر کے دہشت گردی کے دروازے کھول کر جنوبی ایشیا کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ جلد و وقت آئے گا کہ جب جنوبی ایشیا کے یزید کو شکست ہو گی اور حسین ؓکے پیروکار فتح یاب ہونگے۔باطل ختم ہو کر رہے گا اور حق آئے گا۔ کشمیری باطل کے خلاف برسرپیکارہیں ۔وہ فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے قربانیاں پیش کررہے ہیں لیکن ان کے جذبہ استقلال میں لغزش نہیں آئی۔