کالج اور یونیورسٹی

ملک بھر میں 15 ستمبر سے میٹرک، کالج اور یونیورسٹی کی کلاسز میں تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ)وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے میٹرک، کالج اور یونیورسٹی کی کلاسز میں تدریسی عمل شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا،

دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت جبکہ آخری مرحلے میں 30 ستمبر سے پہلی سے پانچویں تک کی کلاسز کو کھولا جائے، تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا اور طلبا کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔بین الصوبائی وزراءتعلیم کانفرنس کی سفارشات این سی او سی (قومی رابطہ کمیٹی) کو بھجوائی جائیں گی جو حتمی فیصلے کی منظوری دے گی۔پیر کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا،جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے،چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے بھی اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میںتعلیمی اداروں سے متعلق ایس او پیز ،مختصر اکیڈمک سلیبس اور2021ءمیں امتحانات،بی ای سی ایس اور این سی ایچ ڈی ٹرانزیشن پلان،اینٹی ہراسمنٹ باڈیز کے صوبوں میں قیام اوریکساں نصاب تعلیم کے معاملے پر غورکیا گیا۔اجلاس میںوزارت صحت کے حکام نے کورونا کی تازہ صورتحال پر شرکا ءکو بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میںوفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں،پہلے مرحلے میں15 ستمبر سے نویں سے اوپر کلاسز کو کھولا جائے، دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت جبکہ آخری مرحلے میں30 ستمبر سے پانچویں تک کی کلاسز کو کھولا جائے۔تمام صوبائی وزراءتعلیم جماعتوں کی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کرنے پر متفق ہو گئے،

اجلاس میں مشاورت کے بعدیونیورسٹی اور کالجز 15 ستمبر سے کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ نویں، دسویں، گیاہوریں اور باہورویں جماعتوں کےلئے تعلیمی ادارے بھی پندرہ ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑی جماعتوں کی کلاسیں کھولنے کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے گا،کرونا کی صورتحال کے پیش نظر ایک ہفتہ بعد چھٹی سے آٹھویں کلاسوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا،کرونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا،

طلباءکو ماسک کے ساتھ تعلیمی اداروں میں داخلہ یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے گی، بین الصوبائی وزراءتعلیم کانفرنس کی سفارشات این سی او سی (قومی رابطہ کمیٹی) کو بھجوائی جائیں گی جو حتمی فیصلے کی منظوری دے گی۔اجلاس میں والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول روانہ کریں چاہے وہ کپڑے کا ہی کیوں نہ ہو، بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اسکول ہر گز نہ بھیجیں، طبیعت زیادہ خراب ہو تو بچوں کا فوری ٹیسٹ کروایا جائے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنےکی صورت میں اسکول کو مطلع کیا جائے