وزیر تعلیم کا پنجاب کے اسکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے اہم بیان

سکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، ویکسی نیشن کے بغیر بچے اب اسکول نہیں آ سکتے۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا بیان

لاہور (روزنامہ مسلم ورلڈ ۔ 17 جنوری 2022ء ) وزیر تعلیم مراد راس نے پنجاب کے اسکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔مراد راس نے کہا ہے کہ سکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، ویکسی نیشن کے بغیر بچے اب اسکول نہیں آ سکتے۔پنجاب میں 100 فیصد اساتذہ کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے،ایک لاکھ اساتذہ کی کی جا رہی ہے،اسکولوں میں بچوں کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیر تعلم نے مزید کہا کہ ماسک کے استعمال کے حوالے سے سختی کرنا ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کا زیادہ مسئلہ لاہور میں ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی پانچویں لہر کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوشش میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبائی وزرائے تعلیم اور صحت کا اجلاس (آج)پیر 17 جنوری کو طلب کرلیا۔

اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور صوبائی وزرائے صحت کے وزراء کا اجلاس تعلیم کے شعبے، عوامی اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، انڈور/آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نان فارماسیوٹیکل مداخلت (NPIs) کا ایک نیا مجموعہ تجویز کرے گا۔ ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے تناسب کے پیش نظر تعلیمی ادروں کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
این سی او سی نے بڑھتی ہوئی بیماری سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کے لیے صوبوں خصوصاً سندھ حکومت کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ این سی او سی نے 17 جنوری سے پرواز میں کھانے، ناشتے کی فراہمی پر مکمل پابندی کے نفاذ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی سے کہا گیا کہ وہ دوران پرواز ماسک پہننے کو یقینی بنائے اور تمام ہوائی اڈوں پر ایس او پیز کو بھی نافذ کرے۔17 جنوری سے پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے اور اسنیکس کی فراہمی پر بھی پابندی ہوگی۔ این سی او سی نے تمام حلقوں کو ہدایت کی کہ وہ جاری ویکسی نیشن مہم کو تیز کریں اور ویکسی نیشن کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں۔