بھارتی اقدامات

5 اگست کے بھارتی اقدامات بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، پاکستان

واشنگٹن (ڈیلی مسلم ورلڈ)امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہاہے کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

کشمیر امریکن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرا ہتمام ”یوم استحصال کشمیر ”کے حوالے سے واشنگٹن میں ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست سے منسلک اقدامات کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے تاہم سیکڑوں شہادتیں، ہزاروں گرفتاریاں اور میڈیا پر مسلسل کریک ڈاؤن بھی کشمیری مزاحمت کو کم نہیں کر پائے گا۔

انہوںنے کہاکہ 5 اگست کو رام مندر کا افتتاح بھارتی فاشسٹ پارٹی آر ایس ایس کا ایجنڈہ ہے اور دنیا کی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ بھارت نے انتہا پسندی اور ہندتوا آئیڈیالوجی کا جو راستہ اختیار کیا ہے وہ خود بھارت کے لیے خطرناک ہے اور اس میں بسنے والے اقلیتوں کو شکار بنا رہا ہے۔