اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے 3505 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جن میں 110 خواتین بھی شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 11 نومبر سے شروع ہوگا۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے انتخابی مواد، بیلٹ پیپرز، پولنگ اسٹیشنز، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی سے متعلق انتظامات پر بھی کام جاری ہے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ حکام کے مطابق پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 15 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر پنجاب سے اضافی نفری بھی طلب کی جاسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتظامیہ کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد اور سیکیورٹی و ٹرانسپورٹ پلان بروقت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔