پنجاب ٹیچرز یونین

بورے والا:پنجاب ٹیچرز یونین کا محکمہ تعلیم کی ریشنلائزیشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بورے والا(نمائندہ خصوصی)پنجاب ٹیچرز یونین اور دیگر اساتذہ تنظیموں کا محکمہ تعلیم کی ریشنلائزیشن پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ،حکومتی پالیسی کے خلاف نعرے بازی،ریشنلائزیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اساتذہ تنظیموں نے تبادلے منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا،

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے سکولوں میں ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت سینکڑوں اساتذہ کے دور دراز علاقوں میں کئے گئے

تبادلوں کے خلاف آل پنجاب ٹیچرز اتحاد،انجمن اساتذہ پاکستان اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران چوہدری جاوید اقبال،قاضی ریاض الدین،چوہدری خالد مجید،عامر ادریس،راﺅ محمد راشد،محمد اشرف شاد،محمد عظیم،محمد خالد اور دیگر کی زیر قیادت پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاج میں شامل اساتذہ راہنماﺅں نے حکومت کی ریشنلائزیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اسے نظام تعلیم اور تجربہ کار سینئر اساتذہ کے ساتھ ظلم قرار دیا

انہوں نے کہا کہ ریشنلائزیشن کے ذریعے اساتذہ کے جبری تبادلے ناصرف اساتذہ پر ظلم ہے بلکہ موجودہ تعلیم نظام کو بری طرح فیل کرنے کی سازش ہے جن سکولوں سے اساتذہ کا دیگر دور دراز سکولوں میں تبادلہ کیا گیا ہے وہاں ان اساتذہ کے زیر تعلیم طلباءو طالبات کی تدریس کا عمل بری طرح متاثر ہو گا

حکومت کو چاہیے تھا کہ ان اساتذہ کو انکے موجودہ سکولوں سے تبدیل کرنے کی بجائے انکی کیٹیگری تبدیل کر کے اسی سکول میں ایڈجسٹ کر دے ان تبادلوں کو انتظامی امور کے تحت تبادلوں کا جواز بنا کر ٹرانسفر پالیسی کی نفی کی گئی ہے سینئر اور تجربہ کار اساتذہ کو اگر دور دراز علاقوں میں بھیج کر نئے آنے والے اساتذہ کو آن پر ترجیح دی جائے گی تو تجربہ کار سینئر اساتذہ ملازمت سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے جس سے تدریسی نظام میں ایک بڑا خلا پیدا ہو جائے گا اساتذہ نے حکومت کی موجودہ ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت کئے تبادلوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔