شہر قائد

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ،چہرے کھل اٹھے

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہوائوں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے،بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑا،گزشتہ24گھنٹوں میں کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 105 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات بھر کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاون، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، کھارادر، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلبرگ، بفرزون ،عزیز آباد اور لیاقت آباد میں بارش ہوئی۔کراچی کے مکین بجلی کی فراہمی کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔

سرجانی ٹائون اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں تین دن بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی جس سے علاقہ مکین سخت اذیت سے دوچار ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 105 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لانڈھی میں 45 اعشاریہ 5 ملی میٹر،کراچی کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ جناح ٹرمینل پر 11اعشاریہ 4ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 4 اعشاریہ 2، ناظم آباد میں 2، سرجانی ٹائون میں 2 اعشاریہ 6، یونیورسٹی روڈ پر 8 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ،سعدی ٹائون میں 10 اعشاریہ 1 ملی میٹر جبکہ فیصل بیس پر 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر میں بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

کے الیکٹرک نے موقف اپنایا ہے کہ جن علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں بجلی بحال کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔کراچی میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہے۔ سرجانی ٹائون ، یوسف گوٹھ ، بسم اللہ گوٹھ،اورنگی ٹائون اور بلدیہ میں بھی بجلی غائب ہے۔کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی ممکن نہیں۔ نارتھ ناظم آباد ، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور اسکیم 33 میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ بارش کے دوران بھی کے الیکٹرک کا مرمتی آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہری بارش کی صورت میں احتیاط کریں، ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے اس کے علاوہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول جان لیوا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے لوگوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔