فیروزوالہ(نامہ نگار)صدر پریس کلب فیروزوالہ کی وفد کے ہمراہ ڈی سی سکردو حمزہ مراد سے ملاقات،گلگت بلتستان میں ٹورازم کے فروغ،قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے اور میڈیا کوریج کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ڈی سی سکردو حمزہ مراد نے صدر پریس کلب فیروزوالہ آصف حسین بھٹی کے ہمراہ وفد میں شامل چیئرمین گورننگ باڈی فدا محمد فدا، وائس چیئرمین گورننگ باڈی محمد امین بٹ، ممبر گورننگ باڈی/انفارمیشن سیکرٹری محمد وحید کلاسن اور چیف کیمرہ مین میاں اقرار حسین کھنڈا کو ضلع بھر کے سیاحتی مقامات خصوصاً دیوسائی نیشنل پارک اور شگر قلعہ کی کوریج کے لیے خصوصی این او سی جاری کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی حمزہ مراد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے تعاون سے انڈس ریور کے کٹاو کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے اور پشتوں کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلاب سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کلاوڈ برسٹ اور فلڈنگ سے پیشگی بچاو کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔مقامی کمیونٹیز کو خطرات سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بچاو کے لئے خصوصی شجرکاری مہم بھی جاری ہے۔صدر پریس کلب آصف حسین بھٹی نے ڈی سی سکردو کی جانب سے ٹورازم کے فروغ اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پریس کلب فیروزوالہ کا وفد گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور یہاں کیے گئے ترقیاتی کاموں کو قومی سطح پر اجاگر کرے گا۔ڈی سی سکردو نے کہا کہ ملک بھر کے صحافیوں کو چاہیئے کہ گلگت بلتستان میں ٹورازم کے فروغ کے لئے نیشنل اور انٹر نیشنل سطح پر یہاں کی خوبصورتی کو اجاگر کریں تاکہ دنیا بھر سے سیاح یہاں آئیں۔ملاقات کے آخر میں وفد نے ڈی سی سکردو حمزہ مراد کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔