پیرمحل

پیرمحل اور شورکوٹ چھاﺅنی کے درمیان تعمیر ہونیوالا کھیکھہ ریلوے اسٹیشن گذشتہ 15سالوں سے تالہ بندی کا شکار

پیرمحل(نمائندہ خصوصی )انگریز دور حکومت کے دوران 1908ءمیں پیرمحل اور شورکوٹ چھاﺅنی کے درمیان تعمیر ہونیوالا کھیکھہ ریلوے اسٹیشن گذشتہ 15سالوں سے تالہ بندی کا شکار،عمارت بھوت بنگلے میں تبدیل ہوکر رہ گئی۔مذکورہ ریلوے اسٹیشن کے لئے لائن بچھانے کا عمل 1910ءمیںشروع ہواجبکہ 1911ءمیں کھیکھہ ریلوے اسٹیشن پر پہلی بار ٹرین نے اسٹاپ کیامگراب سابقہ حکومتوں کی بے حسی اور غفلت کے باعث کھیکھہ ریلوے اسٹیشن کی بلڈنگ خستہ حالی کا شکار ہوچکی ہے۔

1971ءکو ہونیوالی پاک بھارت جنگ میں قریبی گاﺅں 330گ ب کے فوجی جوان نعیم اشفاق نے دشمن کے خلاف جنگ میں دلیری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تو اس ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے نعیم اشفاق شہید ریلوے اسٹیشن رکھ دیا گیا۔قیام پاکستان کے بعد ریلوے اسٹیشن پر 9اپ اور 9ڈاﺅن ٹرینوں کا اسٹاپ ہواکرتا تھا مگر وقت گزرنے کیساتھ ساتھ نہ صرف ریلوے اسٹیشن تالہ بندی کا شکار ہوگیا بلکہ ٹرینوں کا گزر بھی محدود ہوکررہ گیا۔

بذریعہ ٹرین سفر کرنے والے ضعیف شہریوں کا کہنا ہے کہ کبھی اسٹیشن پر مسافروں کی چہل قدمی اور گہما گہمی دیدنی ہواکرتی تھی مگر متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ملک کے تاریخی ریلوے اسٹیشن کی عمارت منہدم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔جن بنچوں پر مسافر گاڑی کا انتظار کیا کرتے تھے اب ان بنچوں پر نشئیوں کے ٹولے محفلیں جمائے ہوئے نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا تبدیلی کی دعوئے دار حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ نعیم اشفاق شہید ریلوے اسٹیشن کی ازسرنو تزئین وآرائش کرتے ہوئے اسے فی الفور فنکشنل کروایاجائے۔