پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل

پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں6 مارچ تک توسیع

لاہور(مسلم ورلڈ) احتساب عدالت نے پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلما ن رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 مارچ تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امیر محمد خان نے خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی۔

خواجہ برادرن کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ بیماری کے باعث ایمبولنس میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی۔

خواجہ سلمان رفیق کو جیل حکام نے عدالت کے روبرو پیش کیا جبکہ عدالتی استفسار پر عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مصروف ہیں جس کی وجہ انہیں عدالت پیش نہیں کیا جا سکا جس پر عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست منظورکر لی ۔

عدالت نے کیس میں تین گواہوں کی حاضری بھی مکمل کر لی گئی۔

دوران سماعت ایڈمن جج چوہدری امیر محمد خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ راستے کیوں بند کر رکھے ہیں۔

باہر دس بندے بھی نہیں ہیں ، راستے بند کرنے سے کتنے افراد متاثر ہوتے ہیں؟۔ جس پر بتایا گیا کہ سکیورٹی کے لئے راستے بند کئے گئے ۔عدالت نے کہا کہ سکیورٹی نہیں بلکہ کسی اور مقصد کے لیے رکاوٹیں لگا رکھی ہے۔