انصرمجید خان

حکومت کی جانب سے 25 ہزارروپے سے کم آمدن والوں کو راشن خریداری میں معاونت کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے، انصرمجید خان

لاہور(مسلم ورلڈ) وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز کو ریاست مدینہ میں بدلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت کی جانب سے پچیس ہزار روپے سے کم آمدن والوں کو راشن خریداری میں معاونت کا اعلان انتہائی خوش آئند ہے۔

غربت کی لکیر سے نیچے گِر جانے والوں کا سہارا بننا اور معیار زندگی بلندکرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر انصرمجید خان نے مزید کہا کہ کمزور اور محروم طبقہ کوسہولت دینے کا وقت آ چکا ہے۔

پاکستان میں طاقتور نے ہمیشہ عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلاہے۔عوام کی حالت بہترکرنے کیلئے صحت انصاف کارڈ،احساس پروگرام و دیگر فلاح و بہبود کے اقدامات قابل ذکرہیں۔ملک کو گھمبیر معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے دور رس اور ہنگامی اصلاحات پر عمل کیا جا رہاہے۔

انصرمجید خان نے کہاکہ مشکل میں پھنسے ہر انسان کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو یقینا سہولت حاصل ہوئی ہے۔ قومی اداروں میں استحکام اور ملکی سلامتی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔