نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا وبائی امراض میں اضافے کو روکنے کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ڈیلی مسلم ورلڈ) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس ، ملک میں کورونا صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا این سی او سی نے وبائی امراض میں اضافے کو روکنے کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)نے ملک میں کرونا وائرس کے وبائی مرض میں اضافے کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیداری کے لئے مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ ۔وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں عوامی مقامات پر ماسک اور سماجی فاصلوں پر عملدرآمدکے حوالے سے بر وقت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن حکام کا کہنا تھا کہ مہلک بیماری پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی اور اس بیماری کے حوالے سے مروجہ ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے ہی اس سے بچا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جون کے وسط میں جب کرونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی اور ہسپتالوں کے اوپر بوجھ بڑھ گیا تو حکومت نے ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے کے لیے پورے ملک میں 2150آکسیجن بیڈز کو31 جولائی تک شامل کرنے کے لئے عملی اقدامات شروع کیے۔تاہم این سی او سی کی خصوصی ٹیموں کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دوروں کے نتیجے میں 2850آکسیجن بیڈز کو شامل کرنے کے لئے عملی جامعہ پہنانے کی کوششیں شروع کر دی گئی۔

اب تک2608 نئے آکسیجن بیڈز کو ملک بھر کے ہسپتالوں میں شامل کر دیا گیا ہے۔جس میں آزاد کشمیرمیں 80، بلوچستان میں 264، گلگت بلتستان میں 100، خیبر پختونخواہ میں 400، پنجاب میں 787، سندھ میں 351اور اسلام آباد میں 626 آکسیجن بیڈز شامل کیے گئے ہیں جبکہ 242مزید نئے آکسیجن بیڈز(10خیبر پختونخواہ، 17پنجاب اور215سندھ) شامل کرنے کے اوپر کام جاری ہے۔ ۔