ایم کیو ایم پاکستان

پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ضد سے کراچی متاثر ہو رہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی(ڈیلی مسلم ورلڈ ) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ضد سے کراچی متاثر ہو رہا ہے، کراچی کے مسائل پر سیاست کی جا رہی ہے اور کراچی کے معاملے کو ذاتی انا کا مسئلہ بنا دیا گیا ہے، کراچی کا مسئلہ اسلام آباد سے بیٹھ کر حل ہو گا نہ لاڑکانہ سے کنٹرول ہو گا ، کراچی کے مسائل یہاں کے رہنے والے حل کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کی ضد سے کراچی متاثر ہو رہا ہے۔ ہم وزیر اعظم اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کی طرف سے اقدامات کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مشکل حالات میں سفید پوش لوگوں کی مدد کی ہے۔

اب خدا خدا کر کے کراچی کے مسائل پر کمیٹی بنائی گئی ہے لیکن لگتا ہے کراچی کے مسائل کو حل کرنا حکومتوں کے لیے انا کا مسئلہ بن گیا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے لاک ڈان کے معاملہ پر صوبائی حکومت کا ساتھ دیا اور ہم تو خوش تھے کہ این ڈی ایم اے صفائی کے معاملے پر متحرک ہو گئی۔ بارش کا پانی، ٹڈی دل کا حملہ یا پھر دوسرے مسائل ہرمرتبہ فوج کی ہی مدد لینی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کو 6 حصوں میں تقسیم کر کے بتایا گیا کہ ہم نے کراچی کو یہ دیا۔ پل کے ایک طرف کنٹونمنٹ ہے تو دوسری طرف کے ایم سی۔ پل کے نیچے کراچی پورٹ کی حدود ہے۔