شہباز شریف

منی لانڈرنگ ریفرنس،احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 27 اگست کو طلب کرلیا

لاہور( ڈیلی مسلم ورلڈ) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کر لیا۔

عدالت نے جیل حکام کو حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی 27 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جمعہ کو احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت

کی۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز،

سلمان شہباز سمیت 16 ملزمان نامزد ہیں جن پر 7 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ 4 وعدہ

معاف گواہ بھی شامل ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز

اور دونوں بیٹیوں رابعہ عمران اور جویریہ علی نے انویسٹی گیشن جوائن نہیں کی جس پر عدالت نے استفسار

کیا تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر بتائیں کہ ان ملزمان کے خلاف کیا شواہد ہیں اور انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا گیا،

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تفتیشی افسر ان ملزمان کی طلبی کے حوالے سے بھی آئندہ سماعت پر معاونت کریں۔

عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز، نثار احمد، قاسم قیوم، سی ایف او محمد عثمان، فضل داد عباسی

سمیت دیگر ملزمان کو 27 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔