سنیٹر رضا ربانی

صدارتی نظام کے لئے ریفرنڈم پر آئینی درخواستیں سیاسی عدم استحکام کی کوششیں ہیں ،رضا ربانی

اسلام آباد (ڈیلی مسلم ورلڈ ) پیپلز پارٹی کے رہنما سنیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ صدارتی نظام کے لئے ریفرنڈم پر آئینی درخواستیں سیاسی عدم استحکام کی کوششیں ہیں ، یہ وفاق کے اندر سیاسی تقسیم کے بیج بونے کی کوشش ہے،عدالتوں سے تبدیلی اداروں میں تصادم اور سنگین سیاسی عدم استحکام کی طرف لے جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں ریفرنڈدم کے لئے آئینی درخواستوں کے معاملے میں پیپلز پارٹی کے سنیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ صدارتی نظام کے لئے ریفرنڈم پر آئینی درخواستیں سیاسی عدم استحکام کی کوششیں ہیں اور یہ آئینی درخواستیں وفاق کے اندر سیاسی تقسیم کے بیج بونے کی کوشش ہے ۔

رضا ربانی نے مزید کہا کہ وفاقی اور پارلیمانی حکومت 1973کے آئین کا بنیادی اصول ہے اور اعلیٰ عدلیہ نے متعدد بار فیصلوں میں پارلیمانی طرز حکومت کو آئین کی بنیاد قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ پارلیمان سے متعلق طرز حکومت کی تبدیلی آئین میں بنیادی تبدیلی ہوگی ، یہ پاکستانی عوام کیلئے ایک سیاسی فیصلہ ہے جو منتختب نمائندوں کے ذریعے کرنا ہے جبکہ 1973کے آئین میں بنیادی تبدیلی رٹ پٹیشن سے نہیں ہوسکتی ۔ عدالتیں کہہ چکی ہیں کہ آئین میں ایسی بنیادی تبدیلی کیلئے نئے الیکشن ضروری ہیں ۔

عدالتوں سے آئین کی بنیادوں کو تبدیل کرنے کے خواہشمندوں کو حقیقت کا ادراک ہونا چاہئے ۔ جبکہ عدالتوں سے تبدیلی اداروں میں تصادم اور سنگین سیاسی عدم استحکام کی طرف لے جائے گی اور موجودہ حالات میں وفاق اس طریقے سے تبدیلی کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے