روس یوکرین امن مذاکرات

روس، یوکرین اور امریکا کے امن مذاکرات کا دوسرا روز، اہم اختلافات برقرار

ابوظہبی: روس، یوکرین اور امریکا کے نمائندوں کے درمیان ابوظہبی میں جاری امن مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگیا ہے، تاہم فریقین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بنیادی نکات پر اختلافات برقرار ہیں۔ مذاکرات میں انسانی اور سیکیورٹی معاملات سمیت ممکنہ امن معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی جارہی ہے۔ یوکرینی قیادت نے پہلے روز کی گفتگو کو اہم قرار دیا جبکہ امریکی حکام نے بھی مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔ تاہم روس اور یوکرین کے درمیان علاقے، مستقبل کی سیکیورٹی ضمانتوں اور یوکرین کی ممکنہ نیٹو رکنیت سمیت اہم معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ روس کی جانب سے ڈونباس کے حوالے سے مطالبات بھی مذاکرات کی بڑی رکاوٹوں میں شامل ہیں۔ مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ فریقین کے درمیان جاری بات چیت کا دوسرا روز اہم سمجھا جارہا ہے، تاہم اب تک کسی بڑے معاہدے یا حتمی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔