ہائیکو ماس

جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے لیے نئے اقدامات کی ضرورت ہے، جرمنی

برلن (ڈیلی مسلم ورلڈ) جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ جوہری طاقتوں کے حامل

ممالک کو نیوکلیائی معاہدوں سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو سختی سے پورا کرنے کی ضرورت ہے۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے جاپان کے شہر ہیرو شیما پر

جوہری بم گرانے کی 75ویں برسی کے موقع پر جوہری ہتھیاروں پر قابو پانے اور نیوکلیائی اسلحہ کی

تخفیف کے سلسلے میں نئی تحریک اور مہم چلانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کبھی بھی

یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ ہیرو شیما میں کیا ہوا تھا اور پھر چند روز بعد ناگاساکی میں کیا ہوا تھا آخر

ایسا کیوں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور جاپان عالمی جوہری طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جوہری

ہتھیاروں پر قابو پانے اور جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق ان کی جو خصوصی ذمہ داریاں ہیں ان پر وہ

سختی سے عمل کریں۔ جرمن وزیر خارجہ نے عالمی جوہری طاقتوں پر تنقید کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ ان

کی کوتاہیوں کے سبب بین الاقوامی جوہری معاہدے بے اثر اور ختم ہوتے جارہے ہیں جس سے دوسروں کے

لیے ایک ناقص مثال قائم ہوتی ہے اور شمالی کوریا جیسے ممالک کو بھی جوہری ہتھیاروں کو حاصل کرنے

کا حوصلہ ملا ہے اور اس نے جس انداز میں جوہری طاقت کے حصول کے لیے اپنے عزائم اور خواہشات

کا اظہار کیا ہے اس سے یہ بات پوری طرح واضح ہے کہ یہ مسئلہ بین الاقوامی برادری کے لیے بہت

بڑا چیلنج ہے۔ ہائیکو ماس نے کہا کہ یہ صورت حال اس لیے پیدا ہوئی کیونکہ جوہری طاقتیں

وقتی مفاد کے لیے غیر ذمہ دارانہ طاقت کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔